سمت بھارگو
راجوری//ایک تیز رفتار ریسکیو آپریشن میں محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی ٹیم نے مقامی دیہاتیوں کے تعاون سے ایک زخمی تیندوے کو بچا لیا، جو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع سرحدی گاؤںنمبلاں میں پایا گیا۔یہ تیندوا شدید زخمی حالت میں تھا، اور شبہ ہے کہ یہ زخم حالیہ سرحد پار گولہ باری کے دوران لگے ہیں۔محکمہ تحفظ جنگلی حیات راجوری پونچھ کے رینج وارڈن امِت شرما نے بتایا کہ گاؤں سے اطلاع ملی تھی کہ ایک جنگلی تیندوا علاقے میں موجود ہے، جو مقامی افراد اور ان کے مویشیوں کے لئے خطرہ بن سکتا ہے۔فارسٹر محمد محبوب کی قیادت میں ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایل او سی کے قریب واقع گاؤں میں ریسکیو آپریشن شروع کیا اور تیندوے کو بے ہوش کر کے محفوظ طریقے سے قابو میں لے لیا۔وارڈن امِت شرما کے مطابق ’تیندوا بھوک کی وجہ سے کمزور ہو چکا تھا اور اس کے جسم پر کئی گہرے زخم تھے، خاص طور پر اس کے منہ اور ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئی تھیں‘۔ماہرین کے مطابق یہ زخم سرحدی گولہ باری کے نتیجے میں ہو سکتے ہیں۔ زخمی تیندوے کو جموں کے مانڈا ویٹرنری ایڈ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں اس کا جدید علاج جاری ہے۔وارڈن نے مزید بتایاکہ ’بدقسمتی سے، اس کے ایک اگلے پاؤں کو شدید زخم کی وجہ سے کاٹنا پڑا‘‘۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق تیندوے کی حالت تشویشناک ہے لیکن وہ علاج کے عمل کا بہادری سے سامنا کر رہا ہے۔