ظفر اقبال
اوڑی // ایک زخمی مارخور کو لائن آف کنٹرول کے قریب ایک گا ئوں سے بر آمد کیا گیا۔حکام نے بتایاکہ مارخور، کشمیر کا انتہائی نایاب جانور ہے، جسے انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (IUCN) کی خطرے سے دوچار انواع کی سرخ فہرست میں درجہ بندی کیا گیا ہے۔ یہ اپنے حیرت انگیز سرپر سینگوں کے لیے جانا جاتا ہے، یہ نسل بنیادی طور پر ناہموار پہاڑی علاقوں میں پائی جاتی ہے۔وائلڈ لائف وارڈن (نارتھ)انتظار سہیل نے بتایا کہ ایک نر مارخور قاضی ناگ نیشنل پارک کے قریب نورکھا گائوں میں گھوم رہا تھا، جو اس شاندار لیکن نایاب جانور کا اہم مسکن ہے۔انہوں نے کہا”آج صبح، ہمیں گائوں میں ایک زخمی مارخور کے بارے میں اطلاع ملی، وائلڈ لائف حکام کی ایک ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور جانور کو کامیابی کے ساتھ بچایا‘‘۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ممکنہ طور پر جنگلی بکری جاری افزائش کے موسم کی وجہ سے گائوں میں بھٹک گئی تھی۔قاضی ناگ نیشنل پارک، جو ایل او سی کے قریب واقع ہے، جو مختلف جانوروں کے لیے ایک اہم مسکن کے طور پر کام کرتا ہے۔سائنسی سروے کے مطابق، کشمیر میں مارخور کی کل آبادی کا تخمینہ لگ بھگ 250 ہے۔ ان میں سے تقریباً 200 قاضی ناگ نیشنل پارک اور، باقی شوپیان کے ہیرپورہ وائلڈ لائف پناہ گاہ میںمیں پائے جاتے ہیں۔مارخور پاکستان کا قومی جانور بھی ہے جس کی ایل او سی کے دونوں جانب آبادیاں پائی جاتی ہیں۔