انتظامیہ ہر ممکن چیلنج سے نمٹنے کیلئے پہلے سے تیار،حکام عوام سے رابطہ بنائے رکھیں: جتندرسنگھ
یو این آئی
جموں// جموں و کشمیر میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر، مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بدھ کو جموں ڈویژن کے اعلیٰ سول افسران کے ساتھ ایک جامع جائزہ میٹنگ کی، جس میں دفاع، ایمرجنسی سروسز اور عوامی اعتماد سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس اہم میٹنگ میں جموں کے ڈویژنل کمشنر رمیش کمار، ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راکیش منہاس، ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل اور ڈپٹی کمشنر سانبہ راجیش شرما نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران افسران نے سول ڈیفنس کی تیاریوں، ٹرانسپورٹ انتظامات، بنکروں کی دیکھ بھال، متاثرین کے کیمپوں کی فعالیت اور طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بروقت اور مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ‘تمام افسران نے بھرپور تعاون کیا اور بروقت اپ ڈیٹس فراہم کیں، جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔’میٹنگ میں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر جعلی خبروں اور افواہوں کے پھیلاؤ کو روکنے پر زور دیا گیا۔ اس ضمن میں واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ عوامی اعتماد قائم رکھا جا سکے اور انتشار سے بچا جا سکے ۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے ۔ انہوں نے تمام ضلعی افسران سے کہا کہ وہ عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں اور اعتماد سازی کے اقدامات کو ترجیح دیں۔وزیر موصوف نے خاص طور پر بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع علاقوں جیسے کٹھوعہ اور سانبہ کی حساسیت کا ذکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ مرکزی حکومت عام شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا:‘ ہم سب مل کر یقینی بنا رہے ہیں کہ انتظامیہ ہر ممکن چیلنج کے لیے پہلے سے تیار رہے ’۔