نئی دہلی// فوج نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کو دی جانے والی اعانت کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا اور وہ اس کا منہ توڑ جواب دے گی۔ فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی درخواست پر دونوں ملکوں کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز کے درمیان بات چیت ہوئی جس میں ہندوستانی وفد کے قائد ڈی جی ایم او اے کے بھٹ نے کہا کہ سرحد پر ہونے والے نقصان کی اصل وجہ یہ ہے کہ پاکستانی فوج کنٹرول لائن سے دراندازی کرنے میں دہشت گردوں کی مدد کررہی ہے اور اس کے لئے وہی ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی طرف سے دہشت گردی کی دی جانے والی حمایت ناقابل قبول ہے اور ہندوستانی فوج مستقبل میں بھی پاکستان کی طرف کے جارحانہ اور اکسانے والی کارروائی کا منہ توڑ جوا ب دے گی۔ پاکستان نے کہا کہ بھارت شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور گذشتہ کئی ہفتوں سے درجنوں شہری گولہ باری سے مارے جاچکے ہیں۔تاہم جنرل بھٹ نے کہا کہ ہندوستانی فوج اعلی پیشہ ورانہ پیمانوں پر عمل کرتی ہے اور شہریوں کو نشانہ نہیں بناتی ہے ۔ اس کے برخلاف پاکستانی فوج نے اپنی اگلی چوکیوں پر شہریوں کو تعینات کررکھا ہے اور چوکیوں کے آس پاس شہریوں کو مستقل ٹھکانہ بنانے کی اجازت دے رکھی ہے ۔وہ ان شہریوں کا استعمال ہمارے ٹھکانوں کی اطلاع دینے اور دراندازی کرنے والے دہشت گردوں کو بتانے کے لئے کام کررہی ہے ۔