راجوری //راجوری پونچھ میں حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان کشیدگی برقرارہے اور نوشہرہ اور پونچھ کے سیکٹروں میں تازہ فائرنگ اور گولہ باری ہوئی ۔ نوشہرہ کے جھنگڑ اور کلال سیکٹروں میں پاکستانی فوج نے گزشتہ شب بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کردی جس کے جواب میں بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا ۔ فائرنگ اور گولہ باری کا یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔پونچھ کے شاہپور کیرنی سیکٹر میں پاکستانی فوج نے شاہپور اور کیرنی سیکٹروں میں شدیدفائرنگ اورگولہ باری کی جس کے رد عمل میں بھارتی فوج نے جوابی کارروائی کی البتہ اس دوران کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ دو ہفتے قبل راجوری کے کیری سیکٹر میں ایک میجر اور تین اہلکاروں کی پاکستانی فوج کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد حد متارکہ پر حالات کشیدہ ہوگئے ہیں ۔