عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر واقع مقدس درگاہ پیر اللہ دیتہ شاہ پر سالانہ عرس کی روح پرور اور باوقار تقریب کا انعقاد بھارتی فوج اور سرحدی علاقوں کے عوام کی مشترکہ کوششوں سے عمل میں آیا۔ یہ درگاہ ایل او سی پر پاکستانی فوجی چوکیوں کے بالکل سامنے واقع ہے اور اپنی روحانی اہمیت کی وجہ سے دور دراز علاقوں سے آنے والے زائرین کا مرکز بنی ہوئی ہے۔عرس کی تقریب میں فوج کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقامی دیہاتیوں، بزرگوں، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خصوصی دعائیہ محفل کا اہتمام کیا گیا، جس میں خطے میں امن، خوشحالی اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔فوج نے اس موقع پر مقامی لوگوں کے ساتھ گہرے تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے جذبات کو سراہا اور عرس کے پرامن انعقاد کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔ مقامی عوام نے بھی بھارتی فوج کی موجودگی اور ان کے تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فوج نہ صرف ان کی حفاظت کر رہی ہے بلکہ ان کی ثقافتی و روحانی تقریبات میں بھی برابر کی شریک ہے۔فوجی اہلکاروں نے مقامی نوجوانوں کو بھی پیغام دیا کہ وہ تعلیم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوں اور علاقے میں امن قائم رکھنے میں فوج کا ساتھ دیں۔درگاہ کی حساس جغرافیائی اہمیت کے باوجود عرس کا پْرامن انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ فوج اور عوام مل کر خطے میں ہم آہنگی اور بھائی چارہ قائم رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ یہ تقریب نہ صرف ایک مذہبی روایت کی تکمیل تھی بلکہ اس نے بھارت کی مشترکہ تہذیب و ثقافت کی خوبصورت تصویر پیش کی۔