عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ایل او سی کے ساتھ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو جاری رکھتے ہوئے پاکستانی فوجیوں نے جموں اور کشمیر کے پونچھ اور کپواڑہ اضلاع میں بلا اشتعال فائرنگ کا سہارا لیا۔فوجی حکام نے پیر کو کہاکہ یہ مسلسل چوتھی رات تھی جب پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کا سہارا لیا اور پہلگام میں گزشتہ ہفتے کے دہشت گردانہ حملے کے بعد نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان سخت کشیدگی کے درمیان آیا۔ایک دفاعی ترجمان نے کہا، ’’27-28 اپریل کی درمیانی شب، پاکستانی فوج کی چوکیوں نے ایل او سی کے پار کپواڑہ اور پونچھ اضلاع کے بالمقابل علاقوں میں چھوٹے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ شروع کی” ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوجیوں نے فوری اور مثبت طریقے سے جواب دیا۔تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔پاکستانی فوج نے جمعرات کی رات کو لائن آف کنٹرول(ایل او سی)کے ساتھ ساتھ 25-26 اپریل اور 26-27 اپریل کی درمیانی راتوں کو مختلف ہندوستانی پوزیشنوں پر فائرنگ کی۔ہندوستان کے اس دعوے کے بعد کہ وہ پہلگام حملے میں ملوث ملی ٹینٹوں کا پیچھا کرے گی، پاکستانی فوج کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔پہلگام حملے کے سرحد پار روابط کے پیش نظر، بھارت نے گزشتہ بدھ کو تعزیری اقدامات کا اعلان کیا، جس میں 65 سال پرانے سندھ آبی معاہدے کی معطلی، اٹاری زمینی سرحدی کراسنگ کی بندش اور پاکستانی فوجی اتاشیوں کو بے دخل کرنا شامل ہے۔