راجوری //حد متارکہ پر جمعرات کو مسلسل آٹھویں روز بھی آر پار فائرنگ و گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس میںایک فوجی افسر اور ایک بی ایس ایف اہلکار زخمی ہوئے۔ منجا کوٹ کے تارکنڈی علاقہ میں پاکستانی فوج کی طرف سے کی گئی فائرنگ سے یہ اہلکار زخمی ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ فوجی کنٹرول لائن کے قریب خار دار تار کے آگے قائم کی گئی ہر اول چوکی پر سرحد پار سے شدید فائرنگ اور شلنگ کی زد میں آئے جس کے نتیجہ میں فوج کا ایک میجر اور بی ایس ایف کا ایک ہیڈ کانسٹبل زخمی ہو گئے۔ گولیاں لگنے سے لہو لہان ان دونوں اہلکاروں کو ایل او سی پر قائم فوج کے طبی سنٹر پر لے جا کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور ما بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ جمعرات کو پاکستانی فوج کی جانب سے راجوری کے بالا کوٹ سیکٹر میں بھی بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا ہندوستانی افواج کی جانب سے بھی معقول جواب دیا گیا۔ ادھر پونچھ سیکٹر میں آ ج بھی فائرنگ ہوئی ، جمعرات صبح ہی دونوں ممالک کی سرحدی افواج نے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کی،یہ سلسلہ کچھ عرصہ تک جاری رہا تاہم اس سے کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔