سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے قریب ہونے والے دھماکے میں آرمی پورٹر کے طور پر کام کرنے والا ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دھماکہ بدھ کی شام ہوا اور دھماکے کی جگہ سے آرمی پورٹر کی لاش نکا لی گئی۔متوفی کی شناخت راجیش کمار ولد سیٹھی رام ساکن نوشہرہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب سریا گائوں کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ آرمی پورٹر کے طور پر کام کر رہا تھا اور بدھ کی شام اس علاقے میں ہونے والے ایک دھماکے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک دھماکے کی نوعیت واضح نہیں ہے تاہم شبہ ہے کہ یہ زیر زمین بارودی سرنگ پھٹنے کی وجہ سے ہوا ہے۔اس نے مزید کہا کہ یہ واقعہ لائن آف کنٹرول کے نوشہرہ سیکٹر کے علاقے میں مکری گائوں کے گرین گیپ کے قریب پیش آیا۔