راولپنڈی//پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارت ایل او سی پر شرپسندوں کی موجودگی کا پروپیگنڈا کررہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجواہ نے کنٹرول لائن پر کیل سیکٹر اور شاردا میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں میجر جنرل اظہر عباس نے ایل او سی کی صورتحال اور سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزیوں پر بھی بریفنگ دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور سیز فائرکی خلاف ورزیوں کامؤثر جواب دینے پر جوانوں کی تعریف کی۔ جنرل قمر باجوہ نے بھارت کو مؤثر جواب دینے اور پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت ایل او سی پر شرپسندوں کی موجودگی کا پروپیگنڈا کررہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا جب کہ پاک فوج کنٹرول لائن پر آباد لوگوں کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنائے رکھے گی۔