اسلام آباد//پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان حکومت ایل او سی پر ہندستانی گولہ باری سے متاثر ہونے والے لوگوں کےلئے کمیونٹی بنکروں کو تعمیر کرنے جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سماجی اور سفارتی امداد بھی جاری رکھے گا۔جمعہ کو وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے پاکستانی فوج کے سربراہ قمرجاوید باجوا اور پاکستان زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کے ہمراہ لائن آف کنڑول پر شری کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا ۔پاکستانی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے سرحد پار گولہ باری سے جان بحق ہوئے افراد کے اہل خانہ سے بات کرتے ہوئے اُن کے صبر اور ہمت کی داد دی ۔انہوں نے اس موقعہ پر سرحد پار بھارتی فوج کی فائرنگ سے جان بحق ہوئے افراد کو دی جانے والی امداد کو بڑھانے کا اعلان کیا اور عام لوگوں کی حفاظت کےلئے کمنٹی بینکر تعمیر کرنے کےلئے رقومات کو منظوری دی ۔دورے سے قبل وزیر اعظم پاکستان نے فوج کے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں انہوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوںکے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ وزیرا عظم عباسی نے اس دوران بھارتی فوج کی جانب سے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کی بھی مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سماجی اور سفارتی امداد جاری رکھے گا ۔انہوں نے اس دوران سرحد پر فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ دنیا کی کوئی بھی فوج پاکستانی فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ امن قائم کرنے کےلئے دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہماری زمہ داری ہے اور ہم اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے شمالی سرحدوں پر امن قائم کر چکے ہیں جو ہماری بڑی کامیابی ہے اور اس بات کی ضمانت ہے کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام چاہتا ہے ۔