پونچھ //حد متارکہ پر پونچھ سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان شدیدفائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواہے جس کے نتیجہ میں چھٹی پر آیا ہوافوج کا ایک اہلکار اور اس کی بیوی لقمہ اجل بن گئے جبکہ تین لڑکیاں زخمی ہوئیں ۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف کا عالم ہے اورلوگ گھروں میں ہی قید ہوکر رہ گئے ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ صبح چھ بجے سے پونچھ کے کھڑی کرماڑہ سیکٹرمیں فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ذرائع نے بتایاکہ اس دوران کھڑی فارورڈ میں ایک مارٹر شیل ایک مکان پر آگرا جس کی زد میں آکر چھٹی پر آیا فوجی اہلکار اور اس کی زوجہ لقمہ اجل بن گئے ۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ محمد شوکت ولد محمد شریف نامی یہ اہلکار اوراس کی زوجہ صفیہ بی اپنے مکان کے باہر بیٹھے ہوئے تھے جس دوران وہ شیل کی زد میں آکر موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے ۔محمد شوکت ٹی اے کی 156بٹالین میں تعینات تھاجو ان دنوں میں چھٹی پر گھر آیاہواتھا ۔شوکت بنیادی طور پر مینڈھر کے نابناں علاقے سے تعلق رکھتاتھا تاہم اس نے زمین خرید کر کھڑی کرماڑہ میں مکان بنایاہواتھا اور ان دنوں وہیں پر رہ رہاتھا۔شیل گرنے کے وقت شوکت اور اس کی اہلیہ کے علاوہ ان کی دولڑکیاں اور ایک اور لڑکی بھی گھر میں موجود تھیں جو تینوں زخمی ہوئی ہیں جنہیں ضلع ہسپتال پونچھ میں لیجایاگیاجہاںسے ایک کو جموں منتقل کردیاگیاہے ۔زخمی ہونیوالی لڑکیوں کی شناخت بارہ سالہ روبینہ کوثر اور چھ سالہ زاہدہ کوثر دختران محمد شوکت اور نازیہ اختر دختر محمد مشتاق ساکن کھڑی کرماڑہ کے طور پر ہوئی ہے ۔دریں اثناء حد متارکہ پر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے اور علاقے کے لوگ سہمے ہوئے ہیں ۔ ادھرپاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پرپاکستانی زیر انتظام کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھاری شیلنگ کی جس کی زد میں آکر وہاں5افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔بیان کے مطابق 'عباس پور اور حاجرہ سیکٹرز میں بھارت کی افواج کی فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ صبح 6 بجے سے شروع ہوا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیٹری نوٹ کراسنگ پوائنٹ کے نزدیک موجود گاؤں بھیرا کے 75 سالہ رہائشی محمد شریف شیلنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا گھر بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔بزرگ شخص کے علاوہ ٹیٹری نوٹ میں 70 سالہ سسی بیگم بھی فائرنگ کی زد میں آنے کے بعد جانبر نہ ہوسکیں، بزرگ خاتون بٹال سیکٹر سے اپنے رشتے داروں سے ملاقات کے لیے ٹیٹری نوٹ آئی تھیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق اسی علاقے میں 35 سالہ ریاست اور 18 سالہ اقصیٰ افتخار بھی بھارتی فورسز کیفائرنگسے زخمی ہوئے۔دریں اثناء عباس پور سیکٹر میں مارٹر شیل کی زد میں آ کر 26 سالہ فائزہ سلیم جاں بحق جبکہ 22 سالہ ادیبہ اور 17 سالہ ماہ نور زخمی ہوگئیں، تینوں خواتین کا تعلق ایک ہی گھرانے سے تھا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ایک اور 35 سالہ خاتون عباس پور سیکٹر کے چافر گاؤں میں جاں بحق ہوئیں۔عباس پور سیکٹر کے بتول اور چاترا گاؤں میں 16 سالہ رضوان حنیف اور 14 سالہ فیضان علی جبکہ چافر گاؤں میں 22 سالہ عبدیہ پروین بھی زخمی ہوگئیں۔ایک اور خاتون انیبہ بھی زخمی ہوئیںجس کے بعد انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا، تاہم دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہچل بسیں۔