مینڈھر+اسلام آباد//بالاکوٹ میں کئی دنوں کی خاموشی کے بعد اتوار کی صبح تین بجے ایک بار پھر ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کاتبادلہ ہواجس کے نتیجہ میں دو فوجی اہلکار زخمی ہو ئے ۔دفاعی ترجمان نے بتایاکہ بالاکوٹ کے سرحدی علاقہ میں اتوار کی صبح کو پاکستانی افواج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی افواج کو نشانہ بنایا اور زور دار گولے داغے جس کے نتیجہ میں گورکھا ریجمنٹ سے وابستہ دو اہلکار زخمی ہوگئے ہیںجن کی پہچان حوالدار سائی گان رائے اور سپاہی وجے رائے کے طور پر ہوئی ۔دونوں کوان کے ساتھیوں نے فوری طور پر آرمی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر وہ زیر علاج ہیں ۔ پاکستانی افواج کی فائرنگ کا بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا ۔ادھر پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی لڑکی جاں بحق جب کہ 2 شہری زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی کی اور نکیال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 22 سالہ جوان سال لڑکی تاشیبہ جاں بحق ہوگئی۔فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری زخمی بھی ہوئے جن کی شناخت 18 سالہ عنیقہ اور 16 سالہ محمد لیاقت کے نام سے ہوئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روزبھی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جب کہ 26 شہری زخمی ہوگئے تھے۔دریں اثناء اسلام آباد میں بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے، بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جب کہ بھارت 2003 کے فائربندی کے معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لئے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔