یواین آئی
نئی دہلی/ہاکی انڈیا نے 14 سے 29 جون تک منعقد ہونے والی ایف آئی ایچ پرو لیگ 2024-25 کے یورپی لیگ میں حصہ لینے کے لیے 24 رکنی ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا ہے ۔ ایف آئی ایچ پرو لیگ کا یہ مرحلہ 14 سے 29 جون تک لندن، اینٹورپ اور برلن میں کھیلا جائے گا۔ اس لیگ میں ہندستان، آسٹریلیا، ارجنٹائن، بیلجیم اور چین کے درمیان دو دو میچ کھیلے جائیں گے ۔ ہندوستان اپنی مہم کا آغاز 14 جون کو آسٹریلیا کے خلاف میچ سے کرے گا۔ سلیمہ ٹیٹے کو ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ تجربہ کار فارورڈ نونیت کور ٹیم کی نائب کپتان ہوں گی۔ ٹیم مین گول کیپر سویتا اور بیچو دیوی خریبام ہیں ۔ منتخب ڈیفنڈروں میں سوشیلا چانو پکھرامبم، جیوتی، سمن دیوی تھودم، جیوتی سنگھ، ایشیکا چودھری اور جیوتی چھتری شامل ہیں۔ مڈ فیلڈ ویشنوی وٹھل پھالکے ، سجاتا کجور، منیشا چوہان اور نیہا پر مشتمل ہے ، جبکہ حملہ آور مڈفیلڈر سلیمہ ٹیٹے ، لالریمسیامی، شرمیلا دیوی، سنیتا ٹوپو اور ماہیما ٹیٹے ہیں۔ فارورڈ لائن میں دیپیکا، نونیت کور، دیپیکا سورینگ، بلجیت کور، رتجا داداسو پسل، بیوٹی ڈنگ ڈونگ اور ساکشی رانا شامل ہیں۔ اضافی کھلاڑیوں میں گول کیپر بنسری سولنکی اور ڈیفنڈر ازمینہ کجور شامل ہیں۔ لیگ کا بھونیشور مرحلہ ہندوستان کی کارکردگی میں لچک اور سیکھنے کے دونوں لمحات پر مشتمل تھا۔ ٹیم نے دو میچ جیتے اور دو ڈرا ہوئے ، نو پوائنٹس کمائے اور سٹینڈنگ میں چھٹے نمبر پر رہی۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 3-2 کی جیت اور ڈرا کے ساتھ مضبوط آغاز کیا، لیکن پھر اسپین سے دو اور جرمنی سے ایک میچ ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ جرمنی کے خلاف 1-0 کی واپسی نے ٹیم کو دوبارہ رفتار حاصل کرنے میں مدد کی۔ انہوں نے عالمی نمبر ایک ٹیم ہالینڈ کے خلاف اپنے آخری میچوں میں ہمت کا مظاہرہ کیا۔ پہلا میچ 2-4 سے ہارنے کے باوجود، ہندوستان نے 13 پنالٹی کارنر حاصل کیے اور ڈچ کو کافی دباؤ میں ڈال دیا۔ آکر میچ میں انہوں نے نیدرلینڈز کو 2-2 سے ڈرا پر روکا اور شوٹ آؤٹ جیت کے ساتھ ایک بونس پوائنٹ حاصل کیا، جس سے ان کی گھریلو مہم کا شاندار اختتام ہوا۔ ٹیم کے انتخاب پر بات کرتے ہوئے ، ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کے چیف کوچ ہریندر سنگھ نے کہا، “ہم نے ایک متوازن اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے جو نوجوان ٹیلنٹ کے ساتھ تجربے پر مشتمل ہے ۔ یوروپی مرحلہ پرو لیگ کا ایک اہم مرحلہ ہے اور ہم دنیا کی کچھ بہترین ٹیموں کے خلاف زیادہ شدت والے میچوں کی امید کررہے ہیں۔”