سرینگر//دنیا بھر میں اپنی بلندی کیلئے مشہور ایفل ٹاﺅربہت جلد اونچائی میںاپنا مقام کھونے والا ہے کیونکہ بھارتی ریلوے نے ا علان کیا ہے کہ وہ کٹرا ۔ بانہال ریلوے لائن کو مکمل کرنے کیلئے پیر پنچال کی پہاڑی پر ایک ایسا پل تعمیر کرنے جارہی ہے جس کی اونچائی 395میٹر ہوگی اور جو فرانس میں قائم ایفل ٹاﺅر سے بھی71میٹرزیادہ ہے ۔ سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کٹرا۔ بانہال ریل لائن کے ایڈمسٹریٹو آفیسر ائے کے سچن نے ریلوے لائن کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ جموں سے بارہمولہ تک کی ریلوے لائن 375کلومیٹر ہے جن میں صرف 111کلومیٹر کی ریلوے لائن پر ابھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر 111کلومیٹر میں 97فیصد لائن ٹنلوں پر مشتمل ہے جبکہ صرف 7کلومیٹر لائن سڑک پر نصب ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹنلوں میں تعمیر ہونے والی 97فیصد ریل لائن میں 50فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلوے لائن سے 4سے 5ہزار نوجوانوں کو روز گار ملا ہے جبکہ ریلوے نے مختلف گاﺅں کو جوڑنے کیلئے 200کلومیٹر سڑک کی تعمیر کا کام بھی انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے مذکورہ لائن کو مکمل کرنے کیلئے ایسے پل کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لے رہا ہے جس کی اونچائی 395میٹر ہوگی اور یہ فرانس کے effile Towerسے 71میٹر اونچا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم انگی کھنڈ کیبل پل بھی تعمیر کرنے جارہے ہیں جو کیبل سے بنا دنیا کا 7 واں پل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جموں بارہمولہ تک ریل لائن بچھانے کیلئے 66پل، 763چھوٹے پل، 192سڑکوں کی تعمیر، 18فٹ پل اور 50 موڈوں کی تعمیر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں روزانہ 25ہزار لوگ ریل کا سفر کرتے ہیں اور ہر سال 71.7لاکھ لوگ ریل گاڑی میں سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016اور 2017میں حالات ناسازگار ہونے کی وجہ سے صرف 42.7لاکھ لوگوں نے بذرےعے ریل سفر کیا ہے۔