یو این آئی
لاہور/ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں روایتی حریفوں کے درمیان دبئی میں خاصی گرما گرمی ہوسکتی ہے ، کھلاڑی اور تماشائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور اور حد پار کرنے سے گریز کریں۔ پاکستانی سابق سپر اسٹار فاسٹ بولر وسیم اکرم نے 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول روایتی حریفوں کے مقابلے میں ہندوستان کو پاکستان کے مقابلے میں فیورٹ قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ برسوں میں ہندوستان کے خلاف مستقل کامیابیاں حاصل نہیں کرسکا تاہم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں گرین شرٹس کے پاس مواقع رہے ہیں، پاکستان نے 2021 کے ورلڈ کپ اور 2022 کے ایشیا کپ میں بھارت کو ہرایا تھا۔ سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان کی حالیہ عرصے کے دوران پرفارمنس بہترین رہی ہے اور فیورٹ کے طور پر میدان میں اترے گا، لیکن اصل فیصلہ اس دن ہوگا کہ کون سی ٹیم دباؤ کا بہتر طریقے سے سامنا کرنے میں کامیاب ہوتی ہے۔