یو این آئی
ہانگزو// ہندوستان نے ایشین گیمز میں کبڈی ایونٹ کے فائنل میں ایک قریبی مقابلے میں ایران کو 33-29 سے شکست دے کر آٹھویں بار خطاب اپنے نام کرلیا۔جکارتہ ایشین گیمز 2018 میں ہندوستان کو سیمی فائنل میں ایران کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل بیجنگ 1990 میں ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان نے کبڈی متعارف کرانے کے بعد سے تمام سات سونے کے تمغے جیتے تھے۔کپتان فضل اتراچلی کی قیادت میں مضبوط ایرانی دفاع نے زبردست ٹیکل کے ساتھ شروع میں ہندوستان پر دباؤ برقرار رکھا، تاہم ہندوستانی کبڈی کپتان پون سہراوت اور ریڈر نوین کمار نے لگاتار پوائنٹس حاصل کرکے ہندوستان کو میچ میں برقرار رکھا۔نائب کپتان سنیل کمار کی قیادت میں ہندوستانی دفاع نے ایران کو آل آؤٹ کرنے میں مدد کی اور بریک ہونے تک 17-13 کے اسکور کے ساتھ چار پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔ اس دوران اسلم انعامدار اور نوین کمار نے بھی اہم ریڈنگ پوائنٹس حاصل کئے۔ ہندوستان نے دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی کچھ پوائنٹس حاصل کیے، لیکن ایران نے ہندوستان کو آل آؤٹ کر دیا اور فل ٹائم سے 10 منٹ قبل اسکور 25 سے برابر کرلیا۔