سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے امید سکیم کے تحت سیلف ہیلپ گروپوں کی خواتین ممبران کی جانب سے قائم کئے گئے مختلف سٹالوں کا دورہ کر کے ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ ان ممبران نے متعلقہ محکمہ کی جانب سے ایس کے آئی سی سی سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر اپنے سٹال لگائے تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے خواتین کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کر کے مشکلات کے باوجود ایسے سٹال قائم کرنے کیلئے خواتین ممبران کی کوششوں کی سراہنا کی ۔ وزیر اعلیٰ نے خواتین کی جانب سے تیار کی گئی مصنوعات کیلئے مارکیٹنگ کی سہولیات اور خام مال کی دستیابی کے بارے میں اُن سے جانکاری طلب کی ۔ وزیر اعلیٰ نے کئی خواتین سے اُن کی جدو جہد کی داستان بھی سنی ۔ دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان ، سیکرٹری دیہی ترقی نرمل شرما اور دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے تا ہم وہاں غیر اطمینان بخش انتظامات پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا جہاں وادی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی سیلف ہیلپ گروپ کی تقریباً 12 ہزار خواتین ممبران وزیر اعلیٰ سے ملنے کیلئے آئی تھیں ۔ محبوبہ مفتی نے سہولیات کی عدم دستیابی پر بھی منتظمین کے ساتھ اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔ اس موقعہ پر جگہ کی کمی اور سہولیات کی عدم دستیابی کے نتیجے میں کئی خواتین بے ہوش ہو گئیں جس کا وزیر اعلیٰ نے سنجیدہ نوٹس لیا ۔