سرینگر //سب ڈسٹرکٹ ہسپتال حضرت بل میں پچھلے 4دنوں سے مختلف شعبہ جات بند ہونے کی وجہ سے مریضوں اور ملازمین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔اسپتال میں بلاک میڈیکل آفیسر کی عدم موجودگی میں اسپتال کا دفتر، اسٹیبلشمنٹ سیکشن فرسٹ اور اسٹیبلشمنٹ سیکشن سیکنڈ بند ہونے کی وجہ سے مریضوں اور ملازمین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ محمدیونس نامی ایک مریض نے بتایا ’’اسپتال کے بیشتر شعبہ جات پچھلے چند دنوں سے بند پڑے ہیں اور شعبہ جات بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو اپنے دستیاویزات مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے‘‘۔محمد یونس نے بتایا کہ ملازمین کی عدم موجودگی کی وجہ سے تشخیصی ٹیسٹ اور دستاویزات مکمل کرنے میں مشکلات پیدا ہوتے ہیں ۔اسپتال میں تعینات ایک ملازم نے بتایا ’’ سرکار نے 31دسمبر تک اے پی آر فائل کرنے کی ہدایت دی ہے لیکن پچھلے 4دنوں سے مین آفس بند پڑا ہے‘‘۔مذکورہ ملازمین نے بتایا کہ بلاک میڈیکل آفیسر کی عدم موجودگی میں ملازمین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ پرنسپل گورنمنٹ میڈکل کالج سرینگر ڈاکٹر سامیہ رشید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ مجھے اس بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں اہم شعبہ جات بند کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی ہوگی۔