زاہدبشیر
گول//سب ڈویژنل مجسٹریٹ گول، امتیاز احمدنے سب ڈویژن گول کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کے پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کے ساتھ “پریکشا 2.0” کے منفرد تعلیمی اقدام کے تحت ایک جامع جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اجلاس کا مقصد سکولوں کی موجودہ تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لینا، درپیش چیلنجز کی نشاندہی کرنا اور تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملیاں تیار کرنا تھا۔جائزہ لیتے ہوئے، ایس ڈی ایم نے تعلیمی رجحانات اور کلاس دہم اور بارہویں کے بورڈ امتحانات کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی کوششوں کا تفصیلی تجزیہ کیا۔ انہوں نے اسکول سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ فوری توجہ کے متقاضی اہم شعبوں کی نشاندہی کریں اور تعلیمی بہتری پر مرکوز ایک جامع اور قابلِ عمل منصوبہ تیار کریں۔ایس ڈی ایم نے تعاون اور جواب دہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام تعلیمی سربراہان پر زور دیا کہ وہ طلبہ پر مرکوز تعلیم کو ترجیح دیں، نصاب بروقت مکمل کریں اور طلبہ کی کارکردگی جانچنے کے لیے باقاعدہ تشخیصی طریقے اپنائیں۔ایس ڈی ایم نے سب ڈویژن گول میں ایک مضبوط تعلیمی نظام کے قیام کے لیے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ تعلیمی معیار کو بلند کیا جا سکے اور طلبہ کے لیے بہتر مستقبل کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔