زاہد بشیر
گول//ایس ڈی ایم گول، امتیاز احمد نے یہاں علاقے مہاکنڈ ،جبڑ کا دورہ کیا تاکہ حالیہ موسلا دھار بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے سکیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ بی ڈی او گول صدام حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ایس ڈی ایم نے بنیادی ڈھانچے، لنک سڑکوں، مکانات اور زرعی اراضی کو پہنچنے والے نقصان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل بغور سنے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن انتظامی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ایس ڈی ایم نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں پانی اور بجلی کی سپلائی کی بحالی میںتیزی لائی جائے اور مستحق خاندانوں کے لیے ریلیف کیسز تیار کیے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ نقصان زدہ سڑکوں کی فوری مرمت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مقامی آبادی کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔