جموں / /کٹھوعہ میں ہوئے دلدوز واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ممبر اسمبلی بانہال نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا ہے کہ سرکار نے غنڈے کھلے چھوڑے ہیں اورسرکار کو متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ او کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات صادر کرنے چاہئے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وقار رسول نے کہا کہ جب سے مخلوط سرکار بنی ہے کٹھوعہ اور سانبہ میں گوجر بکروال طبقہ کے ساتھ بہت زیادہ ظلم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا جس طرح پچھلے سال سانبہ میں گوجر طبقہ سے وابستہ شہری کا قتل کیا گیا اور پھر اُس کے بعد طبقہ کے لوگوں کو گھروں سے بے دخل کیا گیا ۔انکا کہنا تھا کہ جس بچی کا قتل ہوا ہے اُس کو انصاف فراہم کرنے کی خاطر متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کیا جائے اور واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایک سپیشل ٹیم بھیجی جائے جو اس معاملے کی پوری تحقیقات کرے۔