جموں//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے بہبودی کی سکیموں کو ایس سی طبقے کے دہلیز پر لے جانے پر زور دیا ہے تاکہ ان سکیموں پر صحیح عمل در آمد یقینی بنائی جاسکے ۔جے اینڈ کے ایڈوائزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف شیڈول کاسٹس کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ان سکیموں کے بارے میں جانکاری مہم چلانے پر زور دیاتاکہ متعلقہ لوگ ان سکیموں سے مستفید ہوسکیں۔محبوبہ مفتی نے مختلف بہبودی کی سکیموں میں مستحقین خاص طور پر طلبہ کے لئے مقرر شدہ معیار کو نئے سرے سے تشکیل دینے کی تجویز رکھی۔انہوںنے ایس سی طبقے کے طلبہ کے لئے وظائف اور کوچنگ سکیموں میں سو فیصد کامیابی حاصل کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے حقیقی درخواست دہندگان کو ایس سی سر ٹیفکیٹ اجر اکرنے کے عمل میں آسانی پیدا کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ مختلف سکیموں اور پروگراموں میں ایس سی بورڈ ممبران کی شراکت کو یقینی بنائیں تاکہ ان سکیموں کی عمل آوری میں بہتری لائی جاسکے ۔انہوںنے ان سکیموں کے لئے مقررہ وقت پر رقومات کی واگزاری کی بھی ہدایت دی تاکہ یہ رقومات زائد المعیاد نہ ہوں ۔ محبوبہ مفتی نے بورڈ ممبران کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے وائس چیئرمین سے کہا کہ وہ مسائل کو موقعہ پر حل کرنے کے لئے ضلعی سطح پر میٹنگیں منعقد کروائیں ۔ اپنے خطاب میں وزیر صحت و طبی تعلیم بالی بھگت نے ایس سی طبقے کی بہبودی کے لئے حکومت کی طرف سے کئے جارہے اقدامات کی تفاصیل پیش کیں ۔ وائس چیئرمین ایس سی ایڈوائزری بورڈ بھوشن ڈوگرہ نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔ میٹنگ میںجنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے کمشنر سیکرٹری خورشید احمد شاہ ،محکمہ سماجی بہبود کے کمشنر سیکرٹری سجاد احمد خان ،مختلف محکموں کے سربراہاں اور سینئر افسروں نے شرکت کی۔