اسد مرزا
چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (SCO) کا سربراہی اجلاس ایک ایسے فورم کے طور پر ابھرا ہے، جہاں پرانی دشمنیوں کو بھلا دیا گیا اور تعلقات استوار کرنے میں گرم جوشی دیکھی گئی، یہ سب ایک ہی شخص، یعنی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وجہ سے ہوسکا۔اگرچہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا محور دو طرفہ اور کثیر الجہتی مسائل تھے، لیکن اس کے باوجود سب سے اہم نتیجہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور میزبان چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقاتیں تھیں۔آپٹکس کے علاوہ تینوں لیڈروں کے درمیان گرم جوشی ہر لمحہ عیاں تھی۔ اپنے پاکستانی ہم منصب کے مقابلے میں پی ایم مودی کے ساتھ جو خصوصی سلوک کیا گیا وہ اس کے بالکل برعکس ہے۔مودی کا اس سربراہی اجلاس کے لیے تیانجن کا دورہ امریکہ کی جانب سے روسی تیل کی خریداری روکنے کے لیے نئی دہلی کے انکار کا حوالہ دیتے ہوئے، ہندوستانی برآمدات پر محصولات کو دگنا کرکے 50 فیصد کرنے کے چند دن بعد ہوا تھا۔ اور اس کے صرف ایک دن بعد ایک امریکی وفاقی اپیل کورٹ نے فیصلہ سنایا جس نے بڑے پیمانے پر محصولات عائد کرنے کے ٹرمپ کے اختیارات کو محدود کردیا ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے قبل ماہرین ہند-چین، ہند-روس اور روس-چین تعلقات میں کسی پیش رفت کا انتظار کر رہے تھے اور ان کے رہنماؤں کے BRICS کے دائرہ کار اور رسائی کو بڑھانے کے عزم، کثیرالجہتی پر زور دیتے ہوئے اور امریکی ڈالر کو عالمی کرنسی کے طور پر تبدیل کرنے کا راستہ تلاش کرنے کی ان کی کوشش کے تئیں بھی کسی نئے اشارے کی توقع کر رہے تھے۔
ہندوستان نے اپنی روسی تیل کی خریداری کا مسلسل دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وسیع ترقی پذیر معیشت میں توانائی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے، عالمی سطح پر مستحکم قیمتوں میں مدد کرنے اور بین الاقوامی قانون کی تعمیل کے لیے بہت ضروری ہیں۔ مودی نے یوکرین کی جنگ پر توازن قائم کرنے کی کوشش کی ہے، امن پر زور دیتے ہوئے ماسکو پر براہ راست تنقید کرنے سے انکار کر دیا ہے۔محصولات کا معاشی دھچکا بہت زیادہ ہے۔ امریکہ ہندوستان کی 86.5 بلین ڈالر سالانہ کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، اور اس کا دو تہائی حصہ – تقریباً 60.2 بلین ڈالر کا سامان – ٹیکسٹائل سے لے کر زیورات تک محنت کش شعبوں کو متاثر کرنے والے نئے ڈیوٹی کے تابع ہے۔امریکی ٹیرف سے پہلے ہی، ہندوستان تجارت کو بڑھانے کی امیدوں کے ساتھ سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے ذریعہ چین کے ساتھ محتاط انداز میں تعلقات استوار کرنے کی کوششیں کررہا تھا۔
2020 میں متنازعہ ہمالیائی سرحد پر مہلک جھڑپ کے بعد دونوں پڑوسیوں کے درمیان تعلقات منجمد ہو گئے تھے لیکن گزشتہ اکتوبر میں روس میں برکس سربراہی اجلاس کے دوران چار سالوں میں پہلی بار مودی اور ژی نے باہمی ملاقات کی تھی۔ لیکن شاید پی ایم مودی کا ذہن اس بات پر بھی مرکوز ہوگا کہ چین اور ہند-روس تعلقات کو مزید وسعت دینے کے علاوہ کس طرح امریکی محصولات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔اگر تینوں ملک ایک ساتھ مل کر اس کا جواب دیں۔صرف چند مہینوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستانی حکومت کو نیچا دکھانے کے دو طریقے تلاش کیے ہیں: پہلا، ہندوستان کے ایک پرانے مخالف یعنی پاکستان کا ساتھ دینا۔ دوسرا، بھتہ خوری کے ٹیرف کے ساتھ ہندوستان کی برآمدات کو کم کرنا۔ ہندوستان اور چین کے درمیان بات چیت اب اقتصادی معاملات کی طرف بڑھ رہی ہے۔ 2020 میں ہونے والی جھڑپوں کے بعد سے، ہندوستان نے بہت سی چینی سرمایہ کاری کو روک دیا تھا اور اس نے کچھ چینی ایگزیکٹوز کو ویزا دینے سے انکار بھی کر دیا تھا۔ پھر بھی اس مدت کے دوران چین سے ہندوستان کی درآمدات میں صرف اضافہ ہی ہوا ہے۔
پچھلے سال، ہندوستان نے اپنے شمالی پڑوسی سے تقریباً 114 بلین ڈالر کا سامان خریدا، جو کہ پانچ سال پہلے کے مقابلے میں تقریباً 75 فیصد زیادہ ہے ۔ہندوستان جو کچھ بھی چین سے خریدتا ہے اس میں سے زیادہ تر سامان وہ ہوتا ہے جو ہندوستانی صنعت کے لیے ضروری ہے۔
چین سے پیسے کا بہاؤ اور جانکاری ہندوستانی صنعت کو تقویت دے سکتی ہے، تاکہ وہ اپنا جدید مینوفیکچرنگ سیکٹر تیار کر سکے اور درآمدات پر انحصار کم کر سکے۔ ہندوستان کی حکومت اس کو سمجھتی ہے، لیکن مسٹر ٹرمپ کے ساتھ تجارتی مذاکرات جاری رہنے کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری کو کم بھی نہیں کرنا چاہتا ۔دوسری طرف، ہندوستان اور چین کے تعلقات میں بہتری کے ساتھ، اور اس بات پر غور کرتے ہوئے کہ دونوں ممالک پہلے ہی روس کے قریب ہیں، یہ ممکنہ طور پر RIC ٹرائیکا (روس، ہندوستان اور چین) کی بحالی کا باعث بن سکتا ہے۔RIC ٹرائیکا کا تصور سب سے پہلے 1990 کی دہائی میں سابق روسی وزیر اعظم Yevgeny Primakov نے دیا تھا، ایک ایسا وقت جب موجودہ روس سابق سوویت سوشلسٹ ریپبلک یعنی کہ USSR کے خاتمے کے بعد عالمی سطح پر اپنی جگہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ 2000 کی دہائی کے اوائل میں، اسے ادارہ جاتی شکل دی گئی تھی، اور اس کے بعد سے اس نے تقریباً 20 وزارتی سطح پر مشاورت کی ہے۔ RIC troika کے پس پشت تصور آسان تھا: روس، ہندوستان اور چین کو ایک مثلث بنانا چاہیے اور بڑھتے ہوئے مغربی تسلط کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ ابتدائی طور پر، ہندوستان اور چین دونوں نے اس تجویز سے دوری رکھی، خاص طور پر ان کے درمیان اختلافات کی وجہ سے۔
90 کی دہائی کے آخر میں، ہندوستان اپنی معیشت کو دنیا کے لیے کھول رہا تھا اور مغرب، خاص طور پر امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس طرح ہندوستان نے RIC سے اپنی دوری برقرار رکھی۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ہندوستان نے 1998 میں پوکھران-II جوہری تجربہ کیا تھا، اس اقدام کی چین نے سخت مذمت کی تھی، یہ ایک اور وجہ تھی کہ ہندوستان RIC کے بارے میں کبھی سنجیدہ نہیں رہا۔
ہندوستان کی طرح چین نے بھی RIC ٹرائیکا سے دوری برقرار رکھی تھی۔ تاہم، چین بھی اب RIC کو بحال کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہا ہے، ممکنہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے تحت امریکہ کی حالیہ تجارتی پالیسیوں کی وجہ سے۔ قابل ذکر ہے کہ روس سے تیل کی خریداری پر امریکہ کی طرف سے 50 فیصد محصولات عائد کرنے کے بعد چین کھل کر ہندوستان کی حمایت میں سامنے آیا ہے۔
طویل عرصے سے، روس آر آئی سی کے احیاء کی تلاش میں ہے اور اس کے لیے ہندوستان اور چین کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ اس سال کے شروع میں، روس نے کہا تھا کہ تینوں ممالک برکس کے بانی رکن ہونے کے علاوہ اہم شراکت دار ہیں۔
روس، ہندوستان اور چین کا مجموعی جی ڈی پی 53.9 ٹریلین امریکی ڈالر کے برابر ہے، جو کہ دنیا کی کل پیداوار کا تقریباً 33 فیصد ہے۔ دی اکنامک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، تینوں ممالک کی برآمدات 5 ٹریلین امریکی ڈالر سے اوپر ہے، جس میں غیر ملکی ذخائر میں 4.7 ٹریلین امریکی ڈالر شامل ہیں۔یہ تینوں ممالک جوہری طاقت کے حامل بھی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ یکطرفہعالمی نظام کی مخالفت کرتے ہوئے کثیر قطبی دنیا کو آگے بڑھایا ہے۔ ان کے مشترکہ فوجی اخراجات 549 بلین امریکی ڈالر ہیں اور وہ کل عالمی توانائی کا 35 فیصد بھی استعمال کرتے ہیں۔تاہم، ماہرین کا خیال ہے کہ RIC کے پاس عالمی معیشت کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے اب بھی وقت ہے۔ لیکن مجموعی طور پر، تیانجن سربراہی اجلاس نے یقینی طور پر مسٹر مودی کو ہندوستان کی سفارت کاری کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کیا ہے اور امید ہے کہ اگر جن نقاط پر ان کی ولادیمیرپتن اور ژی جن پنگ کے ساتھ جو مذاکرات ہوئے ہیں ان کا اگر دسواں حصہ بھی عملی شکل اختیار کرلیتا ہے تو یقینا یہ تینوں ممالک عالمی نظام کو تبدیل کرسکتے ہیں اور اس میں برکس اور RIC کا کردار نمایاں رہے گا۔
(مضمون نگارسینئر سیاسی تجزیہ نگار ہیں ، ماضی میں وہ بی بی سی اردو سروس اور خلیج ٹائمزدبئی سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔ رابطہ کے لیے: www.asadmirza.in)