سرینگر//نیشنل فرنٹ، محازآزادی اور پیپلزپولٹیکل فرنٹ نے سرکردہ مزاحمتی رہنما ایس حمید کو اُن کی برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک اعلیٰ پایہ کے دانشور اور سیاستدان تھے۔ نیشنل فرنٹ نے خراج عقیدیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرنٹ کے محبوس چیئر مین نعیم احمدخان ہمیشہ اپنے دوست ایس حمید کو اشک بار آنکھوں سے یاد کرتے ہوئے کہتے تھے کہ موصوف ایک اعلیٰ پایہ کے سیاسی مدبر ، دانشور اور آزادی کی علامت تھے ۔نیشنل فرنٹ بیان میں کہا گیا ہے کہ نعیم خان اکثر ایس حمید کے بارے میں کہتے تھے کہ انہیں اسلئے مارا گیا تاکہ تحریک آزادی کو فکری طور نقصان سے دوچار کیا جائے لیکن کشمیریوں کو سیاسی طور یتیم بنانے کی جو ناپاک کوشش کی گئی تھی وہ ناکام ہوگئی کیونکہ ایس حمید کے ہزاروں شیدائی جد و جہد آزادی کو نہ صرف آگے لے جانے کا عہد کرچکے ہیں بلکہ اس راہ پر کسی خوف کے بغیر محو سفر ہیں۔ محازآزادی نے خراج عقیدت اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس حمید کی تمناؤں اور آرزؤں کو پایہ تکمیل تک تب ہی پہنچایا جا سکتا ہے جب کشمیریوں کے اندر ایک ہونے کے جذبات واحساسات میں مزید اضافہ ہو۔ بیان کے مطابق پارٹی کا ایک وفد جس کی قیادت بزرگ رہنماحاجی صوفی عبدالرحمان صاحب کررہے تھے، نے مرحوم کی برسی پر منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کی۔وفدمیں تنظیم کے صدر سید الطاف اندرابی،جہانگیرسلیم،فاروق احمداورشفیع لالہ بھی شامل تھے۔اس موقعہ پر الطاف اندرابی نے کہاکہ ایس حمید جیسے افراداپنی مثال آپ ہوتے ہیں جو علم وادب اور فکر وتدبرکا گہوارہ ہوتے ہیں اوراپنی جانوں کا نذرانہ دلیری اوربہادری سے پیش کرتے ہیں تاکہ قوم وملت کے حوصلے بلند رہیں۔ اندرابی نے کہا کہ ایس حمید ہمیشہ صبر و استقامت کی وراثت پر قائم ودائم رہے اور تحریک آزادی کے دیگر رہنماؤں خصوصاً محاذ آزادی کے سرپرست محمد اعظم انقلابی کے ساتھ قلبی تعلق قائم کرتے ہوئے تحریک کی نوک پلک سنوارنے میں بھر پور کردار ادا کرتے رہے۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ برصغیر کو تباہی سے بچانے کیلئے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل نکالنے میں تاخیر نہ کی جائے۔ محاذآزادی کے ایک اور دھڑے کے صدر محمد اقبال میراور نائب صدر قطب عالم نے خراج عقیدت اد کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی پوری زندگی تحریک آزادی کی آبیاری میں گزری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس حمید نے ہمیشہ پُرخلوص ،دیانتداری اور سیاسی بصیرت کے ساتھ تحریک کشمیر میں اپنا رول بخوبی نبھایا جوہر ایک کے لئے مشعل راہ ہے ۔ پیپلزپولٹیکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی اورچیئرمین محمد مصدق عادل نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے موصوف کو رواں تحریکِ آزادی کشمیر کی عمارت کا ایک ستون قرار دیا ہے۔دونوں لیڈران نے کہا کہ موصوف نہ صرف ایک بیباک، صاف گو اور بہادر انسان تھے بلکہ ایک پیدائشی حریت پسندبھی تھے جس نے اپنی زندگی کا ہرپل اپنی قوم کی آزادی کیلئے وقف کیا تھا۔