یو این آئی
نئی دہلی//اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی)کو امریکی فِن ٹیک کمپنی گلوبل فائننس نے سال 2025 کیلئے دنیا کے بہترین کنزیومر بینک اور ہندوستان کے بہترین بینک کا اعزاز دیا ہے۔ملک کے سب سے بڑے سرکاری بینک کو ملنے والی اس عالمی شناخت پر مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایس بی آئی واقعی اس اعزاز کا حقدار ہے۔ایس بی آئی کے چیئرمین چلا سرینیواسولو شیٹی نے واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ایک تقریب میں یہ اعزاز وصول کیا۔بینک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ اعزاز ملک کے ایس بی آئی پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ بینک نے اپنے تمام صارفین اور ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔وزیر پیوش گوئل نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ یہ اعزاز مالیاتی شمولیت کے تئیں اسٹیٹ بینک کی مستقل وابستگی اور سماج کے ہر طبقے کی خدمت کے لیے اس کی انتھک کوششوں کا ثبوت ہے، جو ملک کی ترقی کی داستان کا ایک اہم حصہ ہیں۔واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا ہندوستان کے عوامی شعبے کا سب سے بڑا بینک ہے۔گزشتہ 30 جون کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں بینک کی کل آمدنی 1,17,996 کروڑ روپے اور خالص منافع 19,160 کروڑ روپے رہا۔