سرینگر//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے سٹیٹ ایگرو انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں نئی جہت اور اس کی کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ایس کے آئی سی سی میں ایس اے آئی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی65 ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس اے آئی ڈی سی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے نئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ کارپوریشن کو منافع بخش بنانے کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر مارکیٹنگ کو متعارف کرنے کے لئے نئے پروڈکٹس کو بازار میں لانا ہوگا جس کی بدولت کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔بورڈ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ کارپوریشن کو ایک کارو باری عمل میں نئے سرے سے ترقی دینے اور اسے منافع بخش بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔بورڈ ممبران نے اُمید ظاہر کی کہ منصوبہ کے تحت کارپوریشن دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گی۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سال 2017-18 کے دوران ایس اے آئی ڈی سی3 ریفریجریٹر وینز خریدے گا جن کی بدولت میوؤں اور سبزیوں کو لانے لے جانے میں کسانوں کو سہولیت ہوگی۔میٹنگ میںوزیر کو مطلع کیا گیا کہ نئی مارکیٹنگ پالیسی کی عمل آوری کے بعد بڑی براہمناں جموں کو موجودہ سال کے دوران85 ہزار کونٹل فیڈ تیار کرنے کے آرڈر حاصل ہوئے۔اس کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کو از سر نو قابل کار بنانے کے لئے ایس اے آئی ڈی سی کو4 کروڑ روپے واگذار کئے گئے۔میٹنگ کے دوران بورڈ آف ڈائریکٹرس نے کٹرہ، سوپور، سول سیکرٹریٹ جموں/ سرینگر میں سیلز سینٹر قائم کرنے کی منظوری دی۔وائس چیئرمین ایس اے آئی ڈی سی رشید محمود، پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار سندیپ کمار نائک، ڈائریکٹر ایگری کلچر کشمیر الطاف اعجاز اندرابی ، ڈائریکٹر ایگری کلچر جموںایچ کے رازدان ، ایم ڈی، ایس اے آئی ڈی سی راکیش کھجوریہ اور دیگر متعلقہ سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔