کنگن//سیاحتی مقام سونہ مرگ میں اُس وقت ڈرائیوروں اور سیاحتی شعبہ سے وابستہ لوگوں نے احتجاجی دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی جب لداخ خود مختار پہاڑی کونسل کرگل کے کونسلر نے سونہ مرگ پولیس سٹیشن سے وابستہ ایس ایچ او کے ساتھ بد تمیزی کی ۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق سوموار کے روز قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیرمین حاجی عنایت علی نے سرینگر لیہہ شاہراہ پر واقع زیرو پوائنٹ کا دورہ کرکے شاہراہ کو کھولنے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اُن کے ہمراہ ایس ایس پی کرگل،ایس ایچ او سونہ مرگ،اے ڈی سی گاندربل اورلداخ خود مختار پہاڑی کونسل کرگل کے کونسلرکاچو احمد علی خان کے علاوہ بیکن کے آفیسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی چیرمین موصوف نے بعد میں سونہ مرگ میں افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ طلب کی جس میں بتایا گیا کہ جب تک بیکن کی طرف سے این او سی نہیں ملتی ہے تب تک کسی بھی گاڑی کو سرینگر لیہہ شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس سلسلے میںجب کشمیر عظمیٰ نے قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیرمین حاجی عنایت علی سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سوموار کے روز زیرو پوئنٹ کا دورہ کر کے شاہراہ کو آمدورفت کے لئے کھولنے کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔انہوںنے بتایا کہ ابھی زوجیلا دھرے کے کئی ایک مقامات پر بھاری برکم پتھر گر آنے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے حادثات کا خطرہ لاحق ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ دو روز کے بعد چھوٹی گاڑیوں کوتجرباتی طور پرچلایا جائے گا اور بعد میں بیکن اور صوبائی انتظامیہ کی جانب سے ہری جھنڈی دکھا کر ہی گاڑیوں کی شاہراہ پر چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس دوران جب لداخ خود مختار پہاڑی کونسل کرگل کے کونسلرکاچو احمد علی خان واپس کرگل کی طرف روانہ ہورہے تھے تو انہوں نے کئی چھوٹی گاڑیوں کو بھی اپنے ساتھ کرگل کی طرف لے جانے کی کوشش کی جس پر سونہ مرگ پولیس کے ایس ایچ او نے کونسلر سے کہا کہ صوبائی انتظامیہ کی طرف سے اجازت نہ ملنے تک وہ کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں کیونکہ زوجیلا کے کئی مقامات پر پتھر گرنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے کوئی بھی حادثہ پیش آسکتا ہے جس پر کونسلر آگ بگولاہوئے اور ایس ایچ او پولیس سٹیشن سونہ مرگ کے ساتھ مبینہ طور پر بد تمیزی کی جس پر وہاں موجود لوگوں نے کونسلر کے خلاف نعرہ بازی کر کے شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیکر تین گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمدورفت بند کر دی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ابھی تک کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں ہے تو مذکورہ کونسلر نے کیونکر پولیس کو دھمکایا اور ایس ایچ او کے ساتھ بدتمیزی کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر ایک بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت دی گئی تو پھر کسی بھی گاڑی کو روکا نہیں جانا چاہئے۔ بعد میں ایس ایچ او پولیس سٹیشن سونہ مرگ میر آفاق احمد نے مظاہرین کو سمجھا بُجھا دھرنا ختم کرنے پر آمادہ کیا۔ ادھر ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں اس بات کی اطلاع موصول ہوئی کہ لداخ خود مختار پہاڑی کونسل کرگل کے کونسلرکاچو احمد علی خان نے گاڑیوں کو اپنے ساتھ کرگل لے جانے کی کوشش کی جس پر ایس ایچ او سونہ مرگ اور کونسلر کے درمیان تکرار ہوئی جس کے بعد کونسلر نے متعلقہ ایس ایچ او کے ساتھ بد تمیزی کی اور دھکے مارے۔انہوںنے مزید کہا کہ جب تک نہ بیکن اور صوبائی انتظامیہ سے انہیں شاہراہ پر گاڑیوں کو چلانے کی اجازت نہیں ملتی تب تک کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایچ او کے ساتھ بد تمیزی کا معاملہ پولیس کے اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایا گیا ہے۔