ایس ایچ او پانتہ چھوک اے سی بی کے ہتھے چڑھ گیا ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی)نے جمعہ کو پانتہ چھوک سرینگر کے سٹیشن ہاس آفیسر (ایس ایچ او)انسپکٹر عظیم اقبال کو 1.5 لاکھ روپے رشوت مانگتے اور قبول کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ خبر رساں ایجنسی کے ڈی سی نے رپورٹ کیا کہ اے سی بی نے شکایت پر کارروائی کی اور انسپکٹر عظیم اقبال کو رشوت لیتے ہوئے پکڑنے کے لیے جال بچھا دیا۔انہوں نے کہا کہ شکایت موصول ہونے پر پولیس سٹیشن اے سی بی سنٹرل کشمیر میں سیکشن 7 پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1988 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔اس کے مطابق ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کامیاب جال بچھا کر عظیم اقبال کو تقریبا ڈیڑھ لاکھ کی رشوت لیتے ہوئے موقع پر ہی رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ افسر نے بتایا کہ رشوت کی رقم آزاد گواہوں کی موجودگی میں برآمد کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کیس کے بارے میں مزید تفصیلات اور کسی بھی ممکنہ ساتھیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔افسر نے کہا کہ ایسے افسر کی گرفتاری ACB کے بدعنوانی سے لڑنے کے عزم کی سنجیدگی کے بارے میں ایک مضبوط پیغام بھیجتی ہے۔