سرینگر//سرینگر میونسپل کارپوریشن میں تعینات عارضی ڈرائیوروں نے تنخواہوں کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ پریس کالونی سرینگرمیںمیں عارضی طور پر’’ایس ایم سی‘‘ میں تعینات درجنوں ڈرائیور جمع ہوئے اور احتجاج کرتے ہوئے تنخواہوں کے حصول کے حق میں نعرہ بازی کی۔احتجاجی ڈرائیوروں نے کہا کہ قریب ایک برس قبل انہیں سرینگر مونسپلٹی میں عارضی طور پر تعینات کیا گیاتاہم گزشتہ7ماہ سے انہیں تنخواہوں سے محروم رکھا گیا ہے۔مظاہرین نے کہا کہ ان کا اہل و عیال فاقہ کشی کا شکار ہو رہا ہے اور گھروں میں بھی چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیںجس کی وجہ سے انہیں سخت ذہنی کوفت کا سامنا ہے۔احتجاجی ڈرائیوروں نے بتایا کہ اگر چہ یہ معاملہ انہوں نے کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن کی نوٹس میں بھی لایاتاہم بقول انکے کمشنر نے بتایا کہ فائل کو جموں بھیج دیا گیا ہے اور اس کی منظوری میں کئی ماہ درکار ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو انکے بچے اور اہل و عیال بھیک مانگنے پر مجبور ہونگے اور وہ دانہ دانہ کیلئے ترسے گے۔احتجاجیوں نے ارباب اقتدار سے اپیل کی کہ فوری طور پر وہ اس معاملے میں مداخلت کریںاور تنخواہوں کو واگزار کریںتاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔