سرینگر//سرینگر شہر کی شانِ رفتہ بحال کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جا رہے اقدامات میں عوام کا تعاون طلب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کل کہا کہ سرینگر شہر کو تمام جدید سہولیات سے لیس کر کے ملک کا ایک بہترین شہر بنانے کیلئے جامع منصوبہ پر عمل درآمد جاری ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں راجباغ میں سرینگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔ تقریب کے دوران گھر گھر کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور رنگین کوڑے دان فراہم کر کے مختلف اقسام کے کوڑا کرکٹ کو الگ الگ کرنے کی مہم کا آغاز کرنے کے علاوہ گھروں سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کو مزید مستحکم بنانے کیلئے 50 نئی ہوپر گاڑیوں کو وقف کیا گیا ۔ اس موقعہ پر ممبر اسمبلی انجم فاضلی ، سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کی صفائی مہم وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کی گئی سوچھ بھارت مشن کا ایک حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے آگے آنا ہو گا تا کہ ریاست کے ماحولیات کو آلودگی سے پاک بنایا جا سکے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس مہم میں نوجوانوں خصوصاً طالب علموں کی شمولیت کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کالجوں اور سکولوں میں جانکاری کیمپ منعقد کئے جانے چاہئیں ۔ سرینگر شہر کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرینگر میں فلائی اوور پروجیکٹ کی تعمیر کو بروقت مکمل کرنے کیلئے متعلقہ ایجنسیوں کو دوہرے شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں مختلف جگہوں پر پارکنگ سہولیات تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ جہلم کی ڈریجنگ کا کام بھی جاری ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ شہر میں ڈرنیج کے مسائل حل کرنے کیلئے مرحلہ وار بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انجم فاضلی نے مکانات اور شہری ترقی شعبے میں حکومت کی جانب سے اٹھائے جا رہے اقدامات کی کافی سراہنا کی ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر شہر کو ملک کا بہترین اور جدید شہر بنانے کیلئے کئی فلیگ شپ سکیموں پر کام جاری ہے ۔