سرینگر //پانی کی نکاسی کیلئے ڈرین تعمیر نہ ہونے کے باعث الفضل کالونی نادرگنڈ پیر باغ میں نا صاف پانی رہائشی مکانوں کی بنیادوں میںگھس رہا ہے اور سرینگر مونسپل کارپوریشن کالونی میں ڈرین تعمیر کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ بیشتر بنیادی سہولیات سے محروم ہے لیکن سب سے بڑا مسئلہ ڈرین کی عدم موجودگی کا ہے کیونکہ بارشوں کے دوران مقامی آبادی کو ڈرین کی عدم دستیابی کے سبب شدید مسائب کا سامنا رہتا ہے ۔مقامی شہری محمد متین قادری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سلسلے میں کئی مرتبہ صوبائی انتظامیہ کے علاوہ مونسپل حکام کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن ڈرین تعمیر کرنے کے حوالے سے کوئی بھی اقدام نہیں کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ کالونی کے لوگوں نے اس حوالے سے صوبائی انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ مکان نمبر 1سے مکان نمبر 47تک ڈرین تعمیر کی جائے کیونکہ کالونی میں پانی کی نکاسی کے حوالے سے کوئی بھی انتظام نہیں ہے جس کے بعد صوبائی انتظامیہ نے مونسپل حکام اور چیف انجینئر یوای ای ڈی کو مناسب کارروائی کی ہدایت دی۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس ہدایت پر اگرچہ مونسپل حکام نے فنڈس واگزار کئے لیکن اُس کا فائدہ بھی اس کالونی کو نہیں بلکہ دوسرے جگہوں پر ڈرین بنانے پر استعمال کیا گیا ہے اور اس کالونی کو پھر سے نظر اندازکیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سرما کے موسم میں یہاں کے مکینوں اور خاص کر اسکولی بچوں کو گھروں سے نکلنے میں مشکلات آتی ہیں جبکہ ناصاف پانی بھی مکانوں کی بنیادوں پر گھس رہا ہے ۔جاوید احمد عنایتی نامی ایک شہری نے بتایا کہ جب کسی بھی محکمہ نے کالونی کے اس اہم مسئلے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی تو صوبائی انتظامیہ نے پھر سے کمشنر مونسپل کارپوریشن کو تحریری طور آگاہ کیا کہ یہ چیف انجینئر یو ای ای ڈی کے مطابق یہ علاقہ اُن کے حدود میں نہیں بلکہ مونسپل کارپوریشن کے حدد میں آتا ہے اس کیلئے مناسب کاروائی عمل میں لائی جائے لیکن اُس کے باوجود بھی مونسپل حکام ٹس سے مس نہیںہوئے اور لوگوں کی مشکلات کا ازلہ کرنے کے حوالے سے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔محمد امین اندرابی نامی ایک شہری نے بتایا کہ علاقے کی آبادی ڈرین کی عدم دستیابی کے سبب پریشانی میں مبتلا ہے اور صوبائی انتظامیہ کے احکامات کے باجود بھی اس معاملے پر کوئی کاروئی عمل میں نہیں لائی جاتی ۔کالونی کے لوگوں نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ کالونی میں ہاوس نمبر 1سے لیکر 47تک ڈرین تعمیر کرائی جائے تاکہ لوگوں کو سرما کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔