عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ، شفقت حسین نے اپنے دو روزہ پہلے دورے کے دوران سرنکوٹ کے دور افتادہ علاقے ہل کاکا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس ڈی پی او سرنکوٹ اعجاز احمد چوہدری اور دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ایس ایس پی پونچھ نے علاقے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور معزز شہریوں و مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔ عوام نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں جنہیں ایس ایس پی پونچھ نے بغور سنا اور انہیں بروقت حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ایس ایس پی پونچھ نے گورنمنٹ مڈل اسکول ہل کاکا کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے اساتذہ اور طلباء سے بات چیت کی۔ اس دوران طلباء کو سماجی جرائم اور منشیات کے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور انہیں منشیات سے پاک معاشرہ بنانے میں کردار ادا کرنے کی تلقین کی گئی۔انہوں نے علاقے میں تعینات پولیس جوانوں سے بھی ملاقات کی، ان کے حوصلے بلند کئے اور قانون و امن قائم رکھنے میں ان کی خدمات کو سراہا۔پولیس حکام کے مطابق یہ دو روزہ دورہ نہ صرف سیکورٹی صورتحال کے جائزے کے لئے تھا بلکہ دور افتادہ علاقے میں تعینات اہلکاروں کے حوصلے بلند کرنے کے مقصد سے بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس پونچھ ہمیشہ ان دور دراز علاقوں کے عوام کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔