عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) راجوری گورو سکاروار نے بدھ کے روز جمولہ گاؤں میں ایک عوامی میٹنگ کی صدارت کی، جسے پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ کے نام سے جانا جاتا ہے۔یہ اجلاس ضلع پولیس راجوری کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا تاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے اور پولیس و عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ایس ایس پی گورو سکاروار نے اجلاس میں مقامی نوجوانوں، بزرگوں اور دیگر شہریوں سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں یقین دلایا کہ پولیس ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کمیونٹی کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی قائم رکھنے میں عوام کا کردار نہایت اہم ہے۔ایس ایس پی نے اجلاس میں شریک افراد کو موجودہ فوجداری قوانین میں ہونے والی تازہ ترین تبدیلیوں سے بھی آگاہ کیا تاکہ عوامی شعور کو مزید بڑھایا جا سکے۔اس اجلاس میں ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹرز راجوری ستییش کمار، ایس ایچ او راجوری اور دیگر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔ افسران نے عوامی شکایات کو بغور سنا اور انہیں جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔یہ اجلاس عوام اور پولیس کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم قدم ثابت ہوا۔ عوام نے بھی اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔