سرینگر//سروشکھشا ابھیان کے تحت کام کرنے والے اساتذہ نے جمعرات کو پریس کالونی میںتنخواہوں کی واگذاری کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے ۔احتجاجی اساتذہ نے خبردار کیا کہ اگر عیدالفطر سے قبل تنخواہ واگذار نہیں کی گئی تو وہ ریاست گیر ایجی ٹیشن چھیڑ کر تمام اسکولوںپر تالے چڑھانے پر مجبور ہونگے۔ محکمہ تعلیم سے منسلک سرو شکھشا ابھیان (ایس ایس اے)کے تحت وادی کے مختلف علاقوں میں ڈیوٹی انجام دے رہے اساتذہ نے رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کے بینر تلے احتجاج کیااوربتایا کہ تندہی اور محنت سے کام کرنے کے باوجود انہیںگزشتہ ماہ کی تنخواہیں واگزار نہیں کی گئی ہیں۔مظاہرین نے بتایا کہ گزشتہ برس کے بجٹ اجلاس کے دوران ریاست کے وزیر خزانہ نے ایس ایس ٹیچرس کی تنخواہیں اپریل سے ماہانہ بنیادوں پر فراہم کرنے کا اعلان کیالیکن بد قسمتی سے ان کے دعوے سراب ثابت ہوئے ہیں اور اس کا خمیازہ اساتذہ کو سخت مالی مشکلات کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے۔اساتذہ نے کہا کہ انہوں تنخواہوں کی واگزاری کے سلسلے میں حکومت کی ناکامی کے خلاف احتجاج کے بطور پیر تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔رہبر تعلیم ٹیچرس فورم نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر عید الفطر سے قبل کی تنخواہیں سٹریم لائن نہیں کی گئی تو وہ ر یاست گیر احتجاجی مظاہرہ کرکے سبھی سکولوں کو بند کریں گے جس کے نتائج کی زمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔ معلوم رہے کہ بدھ سے رہبر تعلیم ٹیچرس فورم نے 4روزہ سکول تال بند ہڑتال کی کال دی تھی جس کے چلتے وادی سمیت ریاست بھر میں پرائمری اورمڈل اسکولوں میں تدریسی عمل بُری طرح مفلوج ہوا۔