عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ریاستی تحقیقاتی ایجنسی(ایس آئی اے) ایک اوور گرانڈ ورکر الطاف حسین وگے ولد غلام محی الدین وگے، ساکن ریبن گنڈ، بہرام، شوپیان کو اس کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔حکام کے مطابق، یہ گرفتاری ایف آئی آر نمبر 01/2025 کی جاری تحقیقات کے دوران کی گئی جو پولیس سٹیشن CI/SIA کشمیر میں درج کی گئی تھی۔ تحقیقات کے دوران ایجنسی نے وگے کو سرحد پار سے سرگرم حزب المجاہدین کے ہینڈلر سے جوڑنے کے شواہد اکٹھے کئے۔ ہینڈلر کی ہدایت پر، ملزم مبینہ طور پر غیر قانونی اور ملک مخالف سرگرمیوں کو منظم کر رہا تھا، دہشت گردی کی سازش میں ملوث تھا، اور بھارت مخالف بیانیے کا پرچار کر رہا تھا۔حکام نے مزید کہا کہ یہ گرفتاری حزب المجاہدین کے سلیپر سیلز کو ختم کرنے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ادھرسرینگر میں ملی ٹینٹوںکے ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا۔سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کو داچھی گام کے بالائی علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا۔ پولیس نے کہا کہ یہ آپریشن فوج، سی آر پی ایف اور جے کے پولیس کی مشترکہ کوشش تھی۔ افسر نے کہا کہ پرانا ٹھکانا بغیر کسی بازیابی کے تباہ کر دیا گیا۔