اشرف چراغ
کپوارہ// جموں و کشمیر کی تحقیقاتی ایجنسی ‘ایس آئی اے ‘ نے 3 سال سے مفرور ایک کلیدی ملی ٹینٹ ہینڈلر کو سرینگر کے بَمنہ علاقے سے گرفتار کیا ۔ایس آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت بشارت علی ولد محمد صدیق ساکن ٹاڈکرناہ، کپواڑہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ ملزم کے خلاف ایس آئی اے کشمیر کے کیس ایف آئی آر نمبر 19/2022 میں گزشتہ تین برسوں سے گرفتاری کے وارنٹ جاری تھے ۔ ایک خصوصی ٹیم نے طویل اور مربوط کوششوں کے بعد اسے بَمنہ میں گرفتار کیا۔مذکورہ کیس لشکر کے منظم نیٹ ورک سے متعلق ہے جو کرناہ سیکٹر کے راستے منشیات اور اسلحہ سمگل کرنے میں ملوث تھا۔ ان غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی رقم کو جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ بشارت علی اس کیس میں گرفتار ہونے والا چوتھا اشتہاری مجرم ہے ، اور اس کی گرفتاری کے بعد امکان ہے کہ مزید روابط اور مالی نیٹ ورک کی گتھیاں سلجھائی جا سکیں گی۔ایس آئی اے کشمیر نے رواں برس کے دوران نشیلی اشیاء کے ذریعے ملی ٹینسی کی فنڈنگ کے خلاف متعدد کامیاب آپریشنز انجام دیے ہیں، جن میں کئی اہم دہشت گرد معاونین اور سمگلروں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔