عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA)کشمیر نے گزشتہ سال اپریل میں ایک مہاجر مزدور کے قتل سے جڑے ایک معاملے میں اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں 2مشتبہ افراد کے گھروں میں تلاشی کارروائیاں کیں۔ ایک بیان کے مطابق، یہ تلاشیاں 17 اپریل 2024 کو بجبہاڑہ میں راجہ سہا کے بہیمانہ قتل کی جاری تحقیقات کے حصے کے طور پر کی گئیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تلاشیوں کا مقصد اس گھنانے جرم کے پیچھے کی سازش کو بے نقاب کرنے اور اس کیس میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کے لیے اہم شواہد کواکٹھا کرنا تھا۔”تلاشیوں سے اہم شواہد ملے جن سے تفتیش کو مضبوط کرنے کی امید ہے۔ یہ کوششیں SIA کشمیر کو اس ملی ٹینسی کارروائی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ملی ٹینسی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے میں مدد کریں گی۔”اس نے مزید کہا کہ تلاشی کارروائیاں ملزمان کے ساتھی سازش کاروں اور معاونین کی شناخت اور گرفتاری کی جانب ایک اہم قدم ہے، قتل اور متعلقہ غیر قانونی سرگرمیوں کی جامع تحقیقات کو یقینی بنانا ہے۔ ادھر پولیس نے جمعرات کو کہا کہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ ملکرپولیس نے جمعرات کو ترال علاقے میں ملی ٹنٹوںکے2 ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، گولہ بارود برآمد کیا ۔پولیس نے کہا کہ فوج (42آر آر)اور سی آر پی ایف (180بلین)کے ساتھ واگڈ کراسنگ پر قائم ایک چوکی پر ملی ٹنٹوںکے دو ساتھیوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت عمر محی الدین بٹ ولد غلام محی الدین ساکن نادر ترال اور شکیل احمد شیخ ولد غلام حسن شیخ ساکن کچمولہ ترال کے طور پر کی گئی ہے۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، گولہ بارود بشمول 2ہینڈ گرنیڈ، 59 رائونڈ، AK-47، 1میگزین اور مجرمانہ مواد برآمد ہوا۔پولیس کے مطابق دونوں گرفتارافرادپولیس ڈسٹرکٹ اونتی پورہ کے ترال اور اونتی پورہ علاقوں میں جیش محمد کے سرگرم ملی ٹنٹوں کوتعاون فراہم کرنے اور اسلحہ اور گولہ بارود کی نقل و حمل میں ملوث تھے۔اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر86/2025تھانہ ترال میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔