عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // جموں و کشمیر حکومت نے ریاستی تفتیشی ایجنسی (SIA) کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے دفاتر کو مقدمات کے اندراج اور تفتیش کے لیے پولیس اسٹیشن قرار دیا ہے۔یونین ٹیریٹری کے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ حکومت نے ایس ایس پی( ایس آئی اے) کشمیر اور ایس ایس پی( ایس آئی اے) جموں کے دفاتر کو بالترتیب ایس آئی اے کشمیر اور ایس آئی اے جموں کے پولیس اسٹیشنوں کے طور پر قرار دیا ہے تاکہ اندرون ملک مقدمات کے اندراج اور تفتیش کی جاسکے۔ نوٹیفکیشن بھارتی شہری تحفظ سنہتا، 2023 کے سیکشن 2(1) (U) کے تحت 19 نومبر 2024 کو جاری کیا گیا ہے۔SIA کویکم نومبر 2021 کو، جموں و کشمیر انتظامیہ نے ملی ٹینسی سے متعلق مقدمات کی تیز رفتار اور موثر تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے قائم کیا تھا۔یہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (NIA) اور دیگر مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کے لیے ایک نوڈل ایجنسی کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔2021 میں ایس آئی اے کی تشکیل کے حوالے سے اپنے حکم میں، محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ ایس آئی اے کے پاس پہلی اطلاعاتی رپورٹ (ایف آئی آر)کو سوموٹو رجسٹر کرنے کا اختیار ہوگا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ “پولیس سٹیشنوں کے انچارج تمام افسران ملی ٹینسی سے متعلق مقدمات کے اندراج پر فوری طور پر ایس آئی اے کو لازمی طور پر مطلع کریں گے اور ان مقدمات کے بارے میں بھی جن میں تحقیقات کے دوران دہشت گردی کا کوئی تعلق سامنے آئے گا”۔