مشتاق الاسلام
پلوامہ //پلوامہ پولیس نے مبینہ طور پر پولیس افسر بن کر کاکاپورہ علاقے میں مقامی لوگوں سے رقم بٹورنے والے جعلساز کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کی شناخت الطاف احمد ڈار ولد اسداللہ ڈار ساکن مارول کاکاپورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق الطاف احمد ڈار خود کو خصوصی آپریشن گروپ (SOG)، سرینگر کا افسر ظاہر کر رہا تھا اور لوگوں کو کارروائی کی دھمکیاں دے کر ان سے رقم وصول کر رہا تھا۔پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 74/2025 درج کیا ہے، جس میں دفعہ 319/351 بھارتیہ نیا سنہیتا (BNS) کے تحت مقدمہ درج ہوا ہے، اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔تحقیقات کے دوران متعدد شہریوں نے پولیس سے رابطہ کر کے بتایا کہ انہیں بھی اس شخص نے دھمکا کر رقم بٹوری ہے۔ ان کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں اور مزید متاثرہ افراد کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے جعلی شناخت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعلقات کے جھوٹے دعوے کر کے عوام کو دھوکہ دیا۔ پولیس اس بات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ آیا کوئی اور شخص اس کارروائی میں ملوث تھا۔پلوامہ پولیس نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ وہ ایسے دھوکہ دہی کے معاملات کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔