پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی 20سیریز میں اچھی کارکردگی ان کے ذہن میں ضرور تھی لیکن وہ ایسی شاندار کارکردگی دکھائیں گے یہ انھوں نے نہیں سوچا تھا۔یاد رہے کہ شاداب خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ دس وکٹیں حاصل کیں۔ وہ پہلے دو میچوں میں مین آف دی میچ قرار دیے جانے کے بعد مین آف دی سیریز بھی رہے۔شاداب نے اپنے پہلے ہی میچ میں صرف سات رن دے کر ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسی میچ میں ان کی ایک گیند پر کامران اکمل ایک کیچ پکڑنے میں ناکام رہے اور یوں وہ اپنے پہلے ہی میچ میں چار وکٹیں حاصل نہ کر سکے۔دوسرے میچ میں انھوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔شاداب خان نے انہوں نے اس دورے کے لئے سخت محنت کی ہے اور کوچز نے انہیں بہت زیادہ حوصلہ دیا ہے۔شاداب خان کا کہنا ہے کہ ان کی گْگلی بہت مشہور ہوگئی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ دوسری گیندوں پر بھی یکساں محنت کررہے ہیں کیونکہ وہ یہ جانتے ہیں کہ گگلی کے علاوہ دیگر ورائٹی پر بھی عبور رکھ کر وہ زیادہ کامیابیاں حاصل کرسکیں گے۔شاداب خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کھیل کر انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا کیونکہ پی ایس ایل ایک لحاظ سیانٹرنیشنل کرکٹ ہی تھی اور اس میں بڑے بڑے بیٹسمین کھیل رہے تھے جن کے خلاف بولنگ کرکے ان میں اعتماد آیا جو انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کے کام آئے گا۔واضح رہے کہ شاداب خان نے اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ میں نو وکٹیں حاصل کی تھیں اور یہی کارکردگی پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں ان کی شمولیت کی وجہ بنی اور اب سلیکٹرز اس بات پر غور کررہے ہیں کہ شاداب خان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی موقع دیا جائے۔