سرینگر//ریاستی قانون ساز اسمبلی کی ایسٹمیٹ کمیٹی کی میٹنگ بدھ کو کمیٹی کے چیئرمین محمد اشرف میر کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ اراکین قانون سازیہ مبارک گُل ، عبدالمجید پڈر، یاور احمد میر اور شہناز گنائی بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں محکمہ تعمیرات عامہ کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا اور محکمہ کی حصولیابیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کاموں کی رفتار میں سرعت لانے پر زرو دیتے ہوئے کمیٹی نے ممبران کو کاموں کی نگرانی اور معیار کو یقینی بنائے رکھنے کی تلقین کی۔ کمیٹی نے ریاست میں جاری مختلف سڑک پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا پی ایم جی ایس وائی کے تحت مرکزی سرکار نے 8328.46 کروڑ روپے لاگت والی 2580 سکیموں کو منظور ی دی ہے اور واگذار شدہ 3901.34 کروڑ روپے میں سے 3568.15 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ نبارڈ کے تحت 3216.36 کروڑ روپے مالیت کی 1262 سکیموں کو منظوری دی گئی جن میں سے 517 کو مکمل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 322 پُلوں کی تعمیر پر ابھی تک 247.03 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ریاست میں عملائے جارہے 5ٹنل پروجیکٹوں سے ہر موسم میں رسل و رسائل یقینی بنے گی۔