جموں//ریاستی قانون ساز اسمبلی کی ایسٹمیٹس کمیٹی کی میٹنگ آج ممبر اسمبلی مشتاق احمد شاہ کی صدارت میںمنعقد ہوئی۔ میٹنگ میں محکمہ خوراک و امور صارفین کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں محکمہ کے کام کاج بالخصوصی عوامی تقسیم کاری نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ کمیٹی کے ممبران نے آٹا، کھانڈ ، چاول ، تیل خاکی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مختلف سکیموں اور زمروں کے تحت فراہمی کی تفاصیل طلب کیں۔ ممبران نے محکمہ کی طرف سے قائم کئے گئے مونیٹرنگ نظام کا بھی جائزہ لیا ۔ کمیٹی نے محکمہ کے افسران کوبی پی ایل زمروں اجولا سکیم کے تحت رسوئی گیس کی فراہمی کے طریقے کا ر کو منظم کرنے اور اہل افراد کو ہی فائدہ پہنچانے کی تلقین کی۔ اراکین قانون سازیہ غلام محمد سروری ، محمد یوسف تاریگا می ، عبدالمجید پڈر ، اشفاق احمد شیخ ،جیون لال ، دلیپ پریہار اور نیلم لنگے نے میٹنگ میں شرکت کر کے اپنی تجاویز پیش کیں۔کمیٹی نے افسران کو اُن علاقوں میں رسوئی گیس ایجنسیاں کھولنے کے لئے کہا جہاں یہ موجود نہیں ہے۔ محکمہ کے سیکرٹری شفیق احمد رینہ نے میٹنگ میں محکمہ کی سرگرمیوں کی تفصیل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ غذائی اجناس اور تیل خاکی پی ڈی ایس نظام کے تحت ہی تقسیم کئے جاتے ہیں ۔انہوں نے قومی غذائی تحفظاتی ایکٹ اور مفتی محمد سعید فوڈ اینڈ انٹائٹلمنٹ سکیم کی عمل آوری کے حوالے سے بتایا کہ ریاستی سرکار نے یکم جولائی 2016ء سے مفتی محمد سعید فوڈ اینڈ انٹائٹلمنٹ سکیم متعارف کی جس کے تحت فی فرد پانچ کلو گرام اضافی راشن فراہم کیا جاتا ہے اور ہر کنبے کو فی ماہ 35کلوگرام تک چاول فراہم کیا جاتا ہے۔محکمہ کے ڈائریکٹر کشمیر /جموں تصدق جیلانی اور جی ایس چب نے محکمہ کی طرف سے عملائی جارہی مختلف سکیموں کی تفصیل پیش کی۔ میٹنگ میںمحکمہ کے سینئر افسران اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران و اہلکار وں نے بھی شرکت کی۔