عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے منگل کو کہا کہ اسرائیل ایران تنازعہ نے تہران کی حیثیت کو مسلم دنیا کے لیے قائدانہ کردار تک پہنچا دیا ہے کیونکہ اس نے واشنگٹن اور یروشلم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔کے این ایس کے مطابق مفتی نے کہا ’’ میں ایرانی قیادت، اس کی مسلح افواج اور عوام کے حوصلے اور عزم کو سلام پیش کرتی ہوں کہ ان کے پاس جوہری ہتھیار نہیں تھے، اس کے باوجود کھڑے رہے۔انہوں نے کہا’’اس نے امریکہ اور اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ آج (امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ‘ جنگ بندی کی بات کر رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ اب تک کی جنگ کا نتیجہ امریکہ اور اسرائیل کی توقعات کے بالکل برعکس رہا ہے‘‘۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ جنگ نے ایران کو مسلم دنیا کے قائدانہ کردار کی طرف دھکیل دیا ہے۔