عظمیٰ نیوز سروس
تہران//ایران میں مسلح افواج کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا، اس دن کی مناسبت سے فوجی پریڈ کا اہتمام کیا گیا، پریڈ میں نئے ڈرونز اور جدید میزائل سسٹم کی رونمائی کی گئی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تہران میں مسلح افواج کے دن فوجی پریڈ کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت ایران کے عسکری و سیاسی حکام بھی موجود تھے۔ایرانی صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قومی سلامتی اور سکون ایک مضبوط اور چوکس فوج کی موجودگی سے ممکن ہے۔ایرانی صدر نے کہا کہ ہماری فوج نے ملک کو درکار تمام فوجی اور دفاعی آلات تیار کرنے میں ناقابل بیان ترقی کرلی ہے۔ بہادر اور دلیر فوج کی موجودگی نے دشمنوں کی نیندیں اڑادی ہیں۔ ایران میں ہر سال 18اپریل کو مسلح افواج کا قومی دن منایا جاتا ہے۔
ایران امریکہ جوہری مذاکرات | دوسرا دور اٹلی میں ہورہا ہے
تہران/یو این آئی/ایران اور امریکہ کے درمیان تہران کے جوہری پروگرام پربالواسطہ بات چیت کا دوسرا دور ہفتہ کو اٹلی کے دارالحکومت روم میں شروع ہوگا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور مغربی ایشیا کے لیے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف مذاکرات کی قیادت کریں گے۔ مذاکرات کا نیا دور عمان کے دارالحکومت مسقط میں گزشتہ ہفتے کے روز افتتاحی مذاکرات کی میزبانی کے ایک ہفتے بعد شروع ہوا ہے۔عمان دوسرے مرحلے کے دوران ثالث کا کردار ادا کرتا رہے گا جب کہ اٹلی جوہری مذاکرات کا میزبان ملک ہوگا۔