سرینگر/انقلاب اسلامی ایران کی 39 ویں سالگرہ کے موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان اور امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے اہتمام سے امام باڑہ یاگی پورہ ماگام اور کرگل میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام کی بھاری تعداد نے شرکت کرکے ایران سے اپنی والہانہ عقیدت اور وابستگی کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں کئی معروف شیعہ سنی علمائے دین اور مفکرین نے شرکت کرکے انقلاب ایران کے مختلف گوشوں اور بانی انقلاب امام خمینیؒ کے کردار و عمل پر مفصل روشنی ڈالی۔ جن معزز شخصیات نے تقریب سے خطاب کیا ان میں انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن ، کاروان اسلامی کے مولوی محمد تجمل قادری خطیب زیارت شریف بٹہ مالو،سید محمد حسین موسوی ،سید محمد حسین صفوی، امام جمعہ سونہ پاہ مولوی سید محمد حسین حسینی، ماسٹر غلام حسن بابا اورپروفیسر سید افضل شامل ہیں۔ مقررین نے انقلاب اسلامی ایران کو ملت اسلامیہ کا قابل فخر اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس انقلاب نے دنیا پر یہ حقیقت واضح کی کہ جب مسلمان قرآن و سنت کو شعار بناکر ظلم و استحصال کے خلاف مزاحم ہوجائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان کی کامیابی کا راستہ نہیں روک سکتی۔ مقررین نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی اور روز افزوں ترقی کا راز مخلص قیادت ، معاملہ فہم قوم اور اپنے نصب العین کی حقانیت پر ایمان کی حد تک یقین ہے۔ کرگل قصبہ میں سینکڑوں لوگوں نے جلوس میں شرکت کر کے ایران و آیت اللہ خامنئی کے حق میں اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے بلند کئے ۔ اس موقعہ پر عالمی اسلام کے مفادات کے تئیں انقلاب ایران کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا اسی طرح کی ریلیاں تائی سورو اور سانکو کے علاقہ میں انجمن صاحب الزماں کے اہتمام سے منعقد کی گئیں۔