سرینگر//جموں کشمیر ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی نے روہنگیائی مسلمانوں کی نسل کشی پر زبردست تشویش کا اظہار کیا اور اس قتل عام کو پوری عالمی انسانیت پر ایک بد نما داغ سے تعبیر کیا گیا۔ایجیک کاایک ہنگامی اجلاس عبد القیوم وانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ایجیک صدر عبدالقیوم وانی نے اعلان کیا کہ 8ستمبر کو اظہار یکجہتی کے طور پر تمام سرکاری دفاتر پر کالے جھنڈے لہرائے جائیں گے اور تمام ملازمین بلا لحاظ مذہب ،رنگ و نسل اس روز اپنے بازﺅں پر کالے بلے لگائیں گے۔اسی روز یعنی 8ستمبر کو ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت شیر کشمیر پارک سرینگر میں دن کے گیارہ بجے جمع ہوگی اور برمی حکومت کے خلاف پُرامن احتجاج درج کرے گی۔ وانی نے کہا کہ احتجاج کے بعد ایجیک کی مرکزی قیادت پُرامن طور پر (UNO) تک مارچ کرےگی اور یو این او دفترمیں روہنگیا مسلمانوں پر ہورہے ظلم پر قہر کے خلاف ایک میمورنڈم پیش کرےگی۔ قیوم وانی نے کہا کہ روہنگیا ئی مسلمانوں کو بلا لحاظ جنس و عمر قتل کیا جارہا ہے اورعالم انسانیت میں درندگی کی آج تک ایسی کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔ جس میں بزرگوں ،جوانوں ،عورتوں ،لڑکیوں ، بیماروں ،ناتوانوں ، بچوں کا قتل کیا جارہا ہو ،یہاں تک کہ نو زائد بچوں کو سر عام قتل کیا جارہا ہے۔