عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// مرکزی وزارت داخلہ نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کیلئے مناسب سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔یہ یقین دہانی مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا نے دی جب انہوں نے الیکشن کمشنروں کے ساتھ میٹنگ کی اور کمیشن کو اپنی تیاری سے آگاہ کیا ۔گزشتہ دسمبر میں سپریم کورٹ نے پولنگ پینل کو جموں و کشمیر میں 30 ستمبر تک اسمبلی انتخابات کرانے کی ہدایت دی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ ہوم سکریٹری الیکشن لڑنے والے امیدواروں کے لئے مناسب سیکورٹی کے ساتھ ساتھ جمہوری مشق کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے سے متعلق جموں و کشمیر کے ای سی کے سیکورٹی کے جائزے کے ساتھ “آن بورڈ” تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہاں پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے جو بھی مطالبہ کیا تھا اس سے وہ اتفاق کرتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ امیدواروں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی طرف سے تجویز کردہ سیکورٹی اہلکاروں کی کافی تعداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔پولنگ پینل نے بدھ کی دوپہر بھلہ کے ساتھ جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے منظر نامے پر ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کی۔ذرائع نے میٹنگ کو “اچھا” قرار دیا اور کہا کہ ہوم سکریٹری اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کے سیکورٹی جائزہ سے متفق تھے۔الیکشن کمیشن نے پرامن انتخابات کے لیے فورسز کی طلب کرتے ہوئے امیدواروں اور پولنگ سٹیشنوں کی سیکورٹی کے معاملے کو جھنڈی دکھائی۔جموں و کشمیر میں آخری اسمبلی انتخابات 2014 میں، جب لداخ اس کا حصہ تھا، پانچ مرحلوں میں کرائے گئے تھے۔ اس بار بھی مراحل کی تعداد اتنی ہی ہوسکتی ہے۔جموں و کشمیر میں انتخابی مشق عام طور پر ایک ماہ پر محیط ہوتی ہے۔جموں اور کشمیر میں لوک سبھا انتخابات میں ریکارڈ ٹرن آئوٹ کے بعد، سی ای سی راجیو کمار نے کہا تھا، “یہ فعال شرکت جلد ہی منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے مثبت ہے تاکہ یونین کے زیر انتظام علاقے میں جمہوری عمل کو فروغ ملتا رہے۔” جب بھی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ہوں گے، وہ آئین کے آرٹیکل 370 کی دفعات کو منسوخ کرنے اور سابقہ ریاست کو 2019 میں دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے بعد سے پہلا ہوگا۔حد بندی کی مشق کے بعد، اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 83 سے بڑھ کر 90 ہو گئی ہے، ان نشستوں کو چھوڑ کر جو پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے لیے مختص ہیں۔