پرویز احمد
سرینگر //سرینگر ایئر پورٹ پر محکمہ سیلز ٹیکس اور فوڈ سیفٹی کی مشترکہ کارروائی کے دوران بیرون ریاست سے بر آمد کئے گئے 343کلو گوشت کو ضبط کرکے نمونے تشخیص کیلئے روانہ کئے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی یامین النبی نے بتایا کہ اتوار قریب 10بجکر 45 منٹ پرڈپٹی کمشنر سیلز ٹیکس کے ملازمین نے اطلاع دی کہ دوران چیکنگ کچھ مشتبہ ڈبوں میں گوشت کی سپلائی ایک لوڈ کیریر سے ایئر پورٹ کے باہر لے جایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس ملازمین نے لوڈ کیئرئر کا نمبر اور دیگر تفصیلات دیں اورفوری کارروائی کرتے ہوئے ایئر پورٹ گیٹ کے باہر لوڈ کیریئر سے گوشت بر آمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایئر کارگو سے گوشت بر آمدکیا جارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ عالی کدل سرینگر سے تعلق رکھنے والے تاجر نے یہ کوشش کی تھی اور اندیشہ ہے کہ یہ آئندہ بڑی مقدار میں گوشت منگوانے والے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ کیئر یئر سے لگ بھگ 340کلو گوشت بر آمد کرکے ضبط کرلیا گیا اور اس کی تشخیص کیلئے نمونے اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بغیر لیبل سیل کیا گیا تھا اور اس پربنانے والی فرم کا نام بھی موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ یہ بوسیدہ ہے اور اس کے نمونے تشخیص کیلئے بھیج دیئے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ پہلے ہی مختلف ایڈوائزریوں اور سرکیولروں کے ذریعے تاجروں کو آگاہ کیا گیا تھا کہ وہ بغیر لیبلنگ گوشت کو ذخیرہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا ’’ تاجر یہ دیکھنا چاہتا تھا کہ کیا ہوائی جہازوں کے ذریعے گوشت بر آمد کیا جاسکتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایئر کارگو اتھارٹی سے بچکر نکلنے کی کوشش کررہے تھے لیکن ایسا بالکل بھی نہیں ہوا اور اسکو ضبط کیا گیا۔۔انہوں نے کہا کہ تاجر کی لائسنس معطل کی گئی ہے اور رپورٹ آنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔