نئی دہلی// سرکاری طیارہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ایئر انڈیا نے4 مئی سے گھریلو پروازوں کی اور یکم جو ن سے بین الاقوامی پروازوں کی بکنگ شروع کردی ہے ۔کمپنی نے بتایا کہ دوسرے مرحلہ کا لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد چار مئی سے وہ چنندہ روٹ پر گھریلو پرواز یں چلائے گی۔ بین الاقوامی روٹ پر یکم جون سے پروازیں شروع کی جائیں گی۔ نجی طیارہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں نے پہلے ہی چار مئی سے بکنگ شروع کردی تھی۔خیال رہے کہ حکومت نے 25مارچ سے پورے ملک میں لاک ڈاون نافذ کیا تھا۔ پہلے اسے 14 اپریل تک کے لئے نافذ کیا گیا تھا بعد میں دوسرے مرحلہ کا اعلان کرتے ہوئے لاک ڈاون میں تین مئی تک کے لئے اضافہ کیا گیا تھا۔ بعد میں دوسرے مرحلہ کا اعلان کرتے ہوئے لاک ڈاون تین مئی تک کے لئے بڑھا دیا گیا ہے ۔ایئر انڈیا کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ شروع میں میٹرو شہروں کو جوڑنے والی پروازیں شروع کی جائیں گی۔ بعد میں حالات کو دیکھتے ہوئے پروازوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پروازوں کے لئے سول ایوی ایشن ڈئرکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے ) اور وزارت صحت کی تمام رہنما ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔ اس میں طیارہ میں صفائی ستھرائی، چیک ان اور بورڈنگ کے دوران مسافروں کے درمیان سماجی دوری یقینی بنانا اور طیارہ میں بیچ کی سیٹ خالی چھوڑنے سے متعلق ہدایات بھی شامل ہیں۔